نئی دہلی، 15 جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال میں جاری ڈاکٹروں کی ہڑتال کے درمیان مرکزی حکومت حرکت میں آئی ہے۔مرکزنے ریاستی حکومت کوایڈوائزری جاری کرتے ہوئے فوری طور پر ایک رپورٹ طلب کی ہے۔مرکز کے مشاورت میں کہا ہے گیا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال کا اثر پورے ملک میں پڑ رہا ہے اور مغربی بنگال کے علاوہ دوسری ریاستوں کے ڈاکٹر بھی اس میں شامل ہو گئے ہیں۔وزارت داخلہ نے مشاورت میں لکھا ہے کہ وزارت نے ڈاکٹروں، صحت کے ماہرین اور میڈیکل تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔یہ لوگ ملک کے مختلف حصوں سے آئے تھے اور اپنی حفاظت کو لے کر فکر مند تھے۔مغربی بنگال حکومت سے اس بابت اپیل کی جاتی ہے کہ ڈاکٹروں کے ہڑتال پر ایک تفصیلی رپورٹ جلد سے جلد بھیجی جائے۔ایک دوسرے واقعہ میں مرکزی حکومت نے مغربی بنگال میں جاری تشدد کے درمیان ممتا بنرجی حکومت سے رپورٹ مانگی ہے اور پوچھا ہے کہ ان واقعات کو روکنے کے لئے ریاستی حکومت نے کیا قدم اٹھائے ہیں۔مرکز نے مغربی بنگال حکومت سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ سیاسی قتل کے قصورواروں کو قانون کے مطابق سزا دینے کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں؟ بنگال میں ہفتہ کو بھی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے تین کارکنوں کو قتل کر دیا گیاتھا۔یہ قتل کانگریس اورٹی ایم سی کارکنوں کے درمیان تصادم کے بعد ہواتھا۔